چین کا پاکستانیوں کو مفت ایس ای او اور ایس ای ایم تربیت فراہم کرنے کا اعلان

چین کے ژی جیانگ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ آف اکنامکس نے پاکستانی اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد کے لیے سرچ انجن آپٹیمائزیشن اور سرچ انجن مارکیٹنگ کی مفت آن لائن تربیت کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سرحد پار ای کامرس سے متعلق مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔گوادر پرو کے مطابق یہ پروگرام گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (جی ٹی ٹی آئی) گلبرگ، ٹیوٹا پنجاب (TEVTA Punjab)، آئی ٹی ایم سی ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ (چین) اور یونی سروسز انٹرنیشنل کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ گفتگو کرتے ہوئے یونی سروسز انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر یاسر شکور چوہدری نے بتایا کہ 22 اور 23 جولائی کو ہونے والے اس دو روزہ آن لائن پروگرام میں شرکاء کو ایس ای او اور ایس ای ایم کے بنیادی اصولوں اور عملی استعمال سے آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایس ای او سیشن میں کی ورڈ کی درجہ بندی، کی ورڈ ریسرچ، لانگ ٹیل کی ورڈ حکمت عملی اور عنوان (Title) کی مؤثر آپٹیمائزیشن پر توجہ دی جائے گی تاکہ سرچ انجن میں ویب سائٹس کی بہتر نمائش ممکن ہو، کلک تھرو ریٹ میں اضافہ ہو اور سرحد پار ای کامرس کاروبار کو فروغ ملے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ای ایم سیشن میں کی ورڈ کے انتخاب، بِڈنگ حکمت عملی، اشتہارات کی تیاری، ہدفی صارفین کے انتخاب، مہم کی سیٹنگز اور آپٹیمائزیشن تکنیکوں پر عملی تربیت دی جائے گی، تاکہ بامعاوضہ سرچ اشتہاری مہمات پر سرمایہ کاری کے منافع (ROI) کو بہتر بنایا جا سکے۔منتظمین کے مطابق اس تربیت کا مقصد شرکاء کو سرچ انجن آپٹیمائزیشن اور مارکیٹنگ سے متعلق عملی مہارتیں فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ مہمات کو مؤثر انداز میں چلا سکیں اور کاروبار کی آن لائن کارکردگی کو بہتر بنا سکیں۔یہ تربیتی پروگرام مکمل طور پر مفت ہوگا، جبکہ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے شرکاء کو ڑی جیانگ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ آف اکنامکس اور آئی ٹی ایم سی چین کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کردہ سرٹیفکیٹ بھی دیے جائیں گے۔منتظمین نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانی اساتذہ، طلبہ اور پیشہ ور افراد پر زور دیا ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بین الاقوامی معیار کی تربیت مفت حاصل کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed