ڈیرہ اسماعیل خان میں وائلڈ لائف پارک کی توسیع کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

محمد زبیر مروت

ڈیرہ اسماعیل خان میں وائلڈ لائف پارک کی توسیع کے منصوبے کے سنگِ بنیاد رکھنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈیرہ اسماعیل خان سے رکن قومی اسمبلی سردار فیصل امین خان گنڈاپور تھے جبکہ کنزرویٹر وائلڈ لائف سدرن سرکل بنوں، محمد نیاز نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اپنے خطاب میں سردار فیصل امین خان گنڈاپور نے کہا کہ وائلڈ لائف پارک کی توسیع کا منصوبہ جنگلی حیات کے تحفظ، انواع کی افزائش، ماحولیاتی سیاحت جنگلی حیات پر مبنی تحقیق، ماحولیاتی آگاہی اور پائیدار آمدن کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف عوام کو جدید اور معیاری تفریحی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور مقامی معیشت کے استحکام میں بھی نمایاں کردار ادا ہوگا۔
تقریب میں کنزرویٹر وائلڈ لائف سدرن سرکل بنوں، محمد نیاز نے بھی منصوبے کو محکمہ وائلڈ لائف کی ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کی تکمیل سے خطے میں تحفظِ جنگلی حیات، ماحولیاتی سیاحت، تحقیقی سرگرمیوں اور عوامی آگاہی کو مزید فروغ ملے گا۔


اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر، خان ملوک خان نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اس کے مختلف اجزا، جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور مستقبل میں تعمیر کی جانے والی سہولیات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وائلڈ لائف پارک ڈیرہ اسماعیل خان کے قیام کی تاریخ اور اس کی کامیاب پیش رفت سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وائلڈ لائف پارک ڈیرہ اسماعیل خان کا قیام 2014 میں 30کنال اراضی پر سردار علی امین خان گنڈاپور (اس وقت کے وزیرِ مال، حکومت خیبر پختونخوا)کی خصوصی کاوشوں اور وژن کے نتیجے میں عمل میں آیا تھا۔ پارک کے قیام کا بنیادی مقصد نیم قدرتی ماحول میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کی افزائش، جنگلی حیات کے تحفظ، ماحولیاتی سیاحت کے فروغ، عوامی شعور بیدار کرنے اور جنگلی حیات پر مبنی سائنسی تحقیق کو فروغ دینا تھا۔


انہوں نے مزید بتایا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے وائلڈ لائف پارک نے اپنے تمام بنیادی مقاصد کامیابی سے حاصل کیے ہیں اور آج یہ خطے کا ایک اہم تفریحی، تحقیقی اور تحفظِ جنگلی حیات کا مرکز بن چکا ہے۔ روزانہ بڑی تعداد میں سیاح پارک کا رخ کرتے ہیں، جبکہ عیدالفطر، عیدالاضحی، یومِ پاکستان (23 مارچ)، یومِ آزادی (14 اگست) اور دیگر سرکاری تعطیلات کے دوران سیا حوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔


وقت گزرنے کے ساتھ یہ محسوس کیا گیا کہ موجودہ 30 کنال پر مشتمل پارک عیدین کی تہواروں اور دیگر خصوصی مواقع پر آنے والے سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مثر انداز میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ اس ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی کاوشوں سے صوبائی کابینہ نے محکمہ زراعت سے 160 کنال اضافی اراضی وائلڈ لائف پارک کی توسیع کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔مزید برآں، حکومت خیبر پختونخوا نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت "توسیعِ موجودہ وائلڈ لائف پارک ڈیرہ اسماعیل خان” کے عنوان سے ترقیاتی منصوبے کی منظوری دی، جس پر اس وقت تیزی سے کام جاری ہے۔منصوبے کی تکمیل کے بعد پارک میں جدید طرز کے جانوروں کے باڑے، واک تھرو ایویری، پرندوں کے پنجرے، خوبصورت لینڈ اسکیپنگ، سرسبز لان، واکنگ ٹریکس، کیفیٹیریا، سن رین شیلٹرز، بچوں کے کھیلنے کی جگہ، عوامی سہولیات، وزیٹر انٹرپریٹیشن سنٹر اور دیگر معاون انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔


یہ توسیعی منصوبہ مکمل ہونے کے بعد وائلڈ لائف پارک ڈیرہ اسماعیل خان زیادہ تعداد میں سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے قابل ہوگا اور ماحولیاتی سیاحت، جنگلی حیات کے تحفظ، افزائشی پروگراموں، ماحولیاتی تعلیم، سائنسی تحقیق اور پائیدار آمدن کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ مستقبل میں وائلڈ لائف پارک ڈیرہ اسماعیل خان کو خیبر پختونخوا کا ایک ممتاز تحفظِ جنگلی حیات، تحقیق اور نیچر بیسڈ ٹورازم کا مرکز بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed