پاک افغان جائنٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر، فرنٹیئر کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر، سرحد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر اور ممبر ایگزیکٹو کمیٹی، سینئر کالم نگار، تجزیہ نگار، دانشور اور اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ضیا الحق سرحدی کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے نوازے جانے پرسرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور کاروباری برادری کے لیے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔اجلاس کے دوران بزنس مین فورم کے لیڈر غضنفر بلور، سرحد چیمبر کے صدر جنید الطاف، سینئر نائب صدر محمد ندیم، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور سابق صدور نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ضیا الحق سرحدی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز ملنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے جبکہ سرحد چیمبر اور کاروباری برادری کی جانب سے ملنے والی محبت، عزت اور خلوص نے اس خوشی کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعزاز کو اپنی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ کاروباری برادری اور ساتھیوں کی مشترکہ جدوجہد اور خدمات کا اعتراف سمجھتے ہیں۔انہوں نے اپنے قائد سینیٹر الیاس احمد بلور(مرحوم)کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم رہنما اور کاروباری برادری کی مضبوط آواز تھے۔ آج مجھے ملنے والے اس قومی اعزاز میں ان کی رہنمائی، ساتھیوں کی رفاقت، دوستوں کی محبت اور سب کی دعائیں شامل ہیں۔سرحد چیمبر کے صدر جنید الطاف اور بزنس مین فورم کے لیڈر غضنفر بلور نے انہیں چیمبر کی شیلڈ بھی پیش کی۔







