چین نے بین الاقوامی علمی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں پاکستانی اسکالر ڈاکٹر عبدالرؤف اور ان کے اہلِ خانہ کو غیر ملکی مستقل رہائشی شناختی کارڈ جاری کر دیا ہے جس سے انہیں چین میں تحقیق، تدریس اور روزمرہ زندگی کے مختلف شعبوں میں مزید سہولت اور استحکام حاصل ہوگا۔گوادر پرو کے مطابق ڈاکٹر عبدالرؤف اس وقت نانجنگ یونیورسٹی آف انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف ریڈنگ، برطانیہ کے اشتراک سے قائم میں ہائی ٹیلنٹ ایکسپرٹ، انسٹرکٹر اور ماڈیول لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، انہیں یہ کارڈ ایک قومی کلیدی ترقیاتی زون کی انتظامیہ کی سفارش پر چین اور عالمی علمی برادری کے لیے ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں جاری کیا گیا۔ڈاکٹر عبدالرؤف نے کہاکہ چین ترقی اور عالمی فلاح میں اعلیٰ صلاحیتوں کے کردار کو نہ صرف سراہتا ہے بلکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے، یہاں کا ماحول کھلا، جامع اور باصلاحیت افراد کے لیے انتہائی سازگار ہے۔انہوں نے خاص طور پر چینی جامعات کے باہمی تعاون پر مبنی ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں بین الاقوامی محققین کو علم کی ترقی میں شراکت دار کے طور پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عبدالرؤف کا چین میں علمی سفر 2015 میں اس وقت شروع ہوا جب انہیں نانجنگ کی ساؤتھ ایسٹ یونیورسٹی میں فنانس میں پی ایچ ڈی کے لیے داخلہ ملا۔ ان کی تحقیق کا مرکز توانائی کی معاشیات، ماحولیاتی معاشیات اور مالیاتی منڈیاں ہیں، جہاں وہ مارکیٹ کے رجحانات کو سمجھنے اور ان اہم شعبوں میں رویوں کی پیش گوئی پر کام کر رہے ہیں۔این یو آئی ایس ٹی میں شمولیت کے بعد ڈاکٹر عبدالرؤف نے ایک ممتاز استاد کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور انہیں جیانگسو یونیورسٹیز کے غیر ملکی طلبہ کی تدریسی مشاہداتی مقابلے میں پہلا پوزیشن حاصل کی۔ رواں ماہ انہیں این یو آئی ایس ٹی میں فنانس اور مینجمنٹ سائنس اینڈ انجینئرنگ کے شعبوں میں پی ایچ ڈی اور ماسٹرز کے طلبہ کی نگرانی (سپروائزری) کی منظوری بھی دے دی گئی جبکہ وہ پہلے ہی پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی مشترکہ نگرانی کر رہے ہیں۔ڈاکٹر عبدالرؤف نے بتایا کہ اس کارڈ کے اجرا نے ان کے خاندان کو تحفظ اور وابستگی کا گہرا احساس دیا ہے، جس کے باعث وہ اب چین میں اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی زیادہ اعتماد کے ساتھ کر سکتے ہیں،ان کی اہلیہ، جو پاکستان سے تعلق رکھتی ہیں، حال ہی میں ہوہائی یونیورسٹی سے سوشیالوجی میں پی ایچ ڈی مکمل کر چکی ہیں جبکہ ان کے تینوں بچوں کو بھی فائیو اسٹار کارڈ جاری کر دیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق فائیو اسٹار کارڈ چین میں مستقل رہائش کی منظوری حاصل کرنے والے اہل غیر ملکیوں کے لیے ایک قانونی شناختی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، اس کے حامل افراد اس کارڈ کو روزمرہ کے مختلف امور میں آزادانہ طور پر استعمال کر سکتے ہیں، جن میں ٹرین اور ہوائی جہاز کے ٹکٹ خریدنا، بینک اکاؤنٹ کھلوانا، ٹیلی کمیونی کیشن اور ٹیکس سے متعلق معاملات نمٹانا شامل ہیں،یہ کارڈ وی چیٹ، علی پے، ریلوے 12306 اور نیشنل گورنمنٹ سروس پلیٹ فارم سمیت اہم عوامی خدمات کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ بھی مکمل طور پر منسلک ہے۔







