پشاور: شعبۂ تن سازی کے سینئر کوچز فقیر شاہ اور محمد شبیر نے متوازی تنظیم سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر سعید الرحمن اور جنرل سیکرٹری عدیل خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کے استحکام اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس سلسلے میں شمولیتی تقریب ٹاپ جیم، دلہ زاک روڈ، پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی صدر سعید الرحمن، جنرل سیکرٹری عدیل خان، سینیر نائب صدر پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن ارشاد خان، نیشنل چیمپئن اختر بلال، انور زیب،، مجید خان، حیدر خان، شاہ نواز، عثمان، جبران، عبدالواحد عزیزی ، بخت نذیر اور دیگر عہدیداروں اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران صوبائی صدر سعید الرحمن نے اتفاقِ رائے سے فقیر شاہ کو صوبائی جوائنٹ سیکرٹری جبکہ محمد شبیر کو تحصیل پشاور کا سینئر نائب صدر نامزد کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر سعید الرحمن نے دونوں رہنماؤں کو ایسوسی ایشن میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسے تجربہ کار کوچز کی شمولیت سے تنظیم مزید مضبوط ہوگی اور صوبے میں باڈی بلڈنگ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن میرٹ، اتحاد اور کھلاڑیوں کی فلاح کے اصولوں پر کاربند ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر کھیل کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
نومنتخب عہدیداروں فقیر شاہ اور محمد شبیر نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ایسوسی ایشن کی مضبوطی، باڈی بلڈنگ کے فروغ اور کھلاڑیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے







