پشاور میں ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے نئی سرکاری قیمت 180روپے فی کلو مقرر کر دی ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ نرخنامے کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 40روپے فی کلوکمی آئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں رسد بہتر ہونے اور ٹماٹر کی دستیابی میں اضافے کے باعث قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق نئی قیمتوں کا مقصد شہریوں کو مناسب نرخوں پر سبزیاں فراہم کرنا اور مہنگائی کے اثرات میں کمی لانا ہے۔تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخنامہ جاری ہونے کے باوجود بیشتر علاقوں کی مارکیٹوں میں ٹماٹر مقررہ نرخ پر دستیاب نہیں۔مختلف بازاروں اور سبزی فروشوں کے پاس ٹماٹر 230سے 250روپے فی کلوکے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے، جو سرکاری نرخ سے 50سے 70روپے زیادہ ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور منافع خور عناصر کے خلاف مثر کارروائی کرے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول ٹیمیں مختلف بازاروں میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ مقررہ قیمت سے زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔







