پاکستان تحریک انصاف کے سابق ترجمان اور ممتاز قانون دان معظم بٹ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان آج بھی ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں اور ان کی رہائی پاکستان میں سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور پائیدار امن کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ حلقوں کو قومی مفاد میں سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور مثبت ماحول کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ پارلیمنٹ کے اندر اور نہ ہی پارلیمنٹ سے باہر ایسی موثر سیاسی حکمت عملی اختیار کی گئی جس سے تحریک انصاف کے موقف کو بھرپور انداز میں عوام تک پہنچایا جا سکے۔ ان کے بقول اس صورتحال کے باعث پارٹی کو سیاسی طور پر نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ عوامی توقعات بھی پوری نہ ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ذریعے ایک مثبت سیاسی پیغام دے سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو اس وقت کئی اہم چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں تنظیمی معاملات، آئندہ عام انتخابات کی تیاری، کارکنوں کی موثر تنظیم اور سیاسی ماحول کو سازگار بنانا شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان تمام امور پر بروقت، جامع اور موثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ پارٹی مستقبل کے سیاسی چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کر سکے اور عوام کا اعتماد مزید مضبوط بنایا جا سکے۔







