پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے اعلان کیا ہے کہ بین الاقوامی سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو 5میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کامیابی سے دور کر دی گئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق بحال ہوگئی ۔پی ٹی اے کے اعلامیہ کے مطابق کیبل میں خرابی کے باعث گزشتہ روز متعدد صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اب مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد انٹرنیٹ ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے اور سروس بلا تعطل فراہم کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے مختلف شہروں سے انٹرنیٹ سست ہونے کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ خرابی مکمل طور پر دور کئے جانے کے بعد اب صارفین کو انٹرنیٹ کی فراہمی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔







