تنگی کے پہاڑی سلسلے میں 3 روز سے لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا

تحصیل تنگی کے پہاڑی علاقوں میں تین روز قبل لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا، جبکہ آگ مسلسل پھیلتے ہوئے ضلع ملاکنڈ کی پہاڑی حدود تک پہنچ گئی ہے۔ ریسکیو 1122 چارسدہ اور ملاکنڈ کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم شدید گرمی اور تیز دھوپ کے باعث آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحصیل تنگی کے علاقے بر بہرام ڈھیری کے پہاڑی سلسلے میں تین روز قبل نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ بھڑک اٹھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وسیع علاقے میں پھیل گئی۔ آگ نے اب تک تقریبا 10 کلومیٹر سے زائد رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور مسلسل بڑھتے ہوئے ضلع ملاکنڈ کے پہاڑی علاقوں تک جا پہنچی ہے، جس کے باعث دونوں اضلاع کی امدادی ٹیمیں مشترکہ طور پر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعے میں اب تک کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم آگ کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں موجود قدرتی جنگلات، جھاڑیوں، گھاس اور مقامی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دشوار گزار پہاڑی راستوں، شدید گرمی اور ہوا کے رخ میں بار بار تبدیلی کے باعث امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ مقامی افراد بھی اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ادھر مقامی شہریوں نے شکایت کی ہے کہ موقع پر ریسکیو 1122 کی صرف ایک فائر بریگیڈ گاڑی موجود ہے، جو اتنے بڑے پیمانے پر لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ناکافی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مزید فائر بریگیڈ گاڑیاں، عملہ اور دیگر ضروری وسائل فوری طور پر متاثرہ علاقے میں بھیجے جائیں تاکہ آگ کو جلد از جلد قابو میں لایا جا سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed