پاکستان کلچر، ٹورازم اینڈ آرٹس آرگنائزیشن نے محکمہ سماجی بہبود، حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ اپنی باضابطہ رجسٹریشن کامیابی سے مکمل کر لی ہے، جو تنظیم کیلئے ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔رجسٹریشن کا سرٹیفکیٹ محترم فاتح صاحب نے چیئرمین پی سی ٹی او جاوید عزیز خلجی کے حوالے کیا۔ اس موقع پر نعمان الدین، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ و لیگل ایڈوائزر پی سی ٹی او اور عامر عزیز، میڈیا ایڈوائزر، بھی چیئرمین کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین جاوید عزیز خلجی نے اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی سی ٹی او کی رجسٹریشن تنظیم کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے، جو ادارے کو قانونی اور انتظامی طور پر مزید مضبوط بنائے گی اور مستقبل میں قومی سطح پر مزید مثر انداز میں خدمات انجام دینے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کلچر، ٹورازم اینڈ آرٹس آرگنائزیشن پاکستان کی ثقافت، سیاحت، فنونِ لطیفہ، تاریخی ورثے، ادب، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور سماجی ترقی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ تنظیم سرکاری اداروں، نجی شعبے، تعلیمی اداروں، ثقافتی تنظیموں اور سیاحتی شعبے کے ساتھ مل کر پاکستان کے مثبت تشخص کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کرے گی۔چیئرمین جاوید عزیز خلجی نے اس تاریخی کامیابی پر پی سی ٹی او کے تمام معزز اراکین، جنرل باڈی، ایگزیکٹو ٹیم، عہدیداران، رضاکاروں اور تنظیم کے تمام معاونین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد، تعاون، محنت اور انتھک کاوشوں کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پوری پی سی ٹی او فیملی کی مشترکہ کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم مستقبل قریب میں ملک بھر میں ثقافتی میلوں، سیاحتی مہمات، ادبی و تعلیمی پروگرامز، آرٹ نمائشوں، ورثے کے تحفظ کے منصوبوں، نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور سماجی ترقی کے مختلف اقدامات کا آغاز کرے گی تاکہ پاکستان کی ثقافتی اور سیاحتی شناخت کو دنیا بھر میں مزید مثر انداز میں متعارف کرایا جا سکے۔آخر میں چیئرمین جاوید عزیز خلجی نے پوری پی سی ٹی او ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم شفافیت، دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھے گی اور پاکستان کے روشن، پرامن اور مثبت تشخص کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔







