شانگلہ میں بارشوں کا سلسلہ شروع،موسم خوشگوار،سیاحوں کی بڑی تعدادپہنچ گئی

شانگلہ میں مون سون کی پہلی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جسکے تحت شانگلہ کے بالائی علاقوں الپوری، لیلونئی، چکیسر، شاہ پور، کروڑہ، بیلے بابا، کروڑہ، کانا ، ماچکنڈی ،شنگ، بشام، پورن، مارتونگ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی یہ پہلی سپیل آئندہ 5 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے دوران مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں درمیانی جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔مون سون کی پہلی بارشوں کے باعث کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کی لہر ٹوٹ گئی ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ شہریوں نے ٹھنڈے موسم پر اطمینان کا اظہار کیا۔شدید بارشوں کے نتیجے میں ضلع شانگلہ کے مقامی ندی نالوں، دریاں، قدرتی آبشاروں اور چشموں میں پانی کے بہا میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پہاڑی علاقوں سے آنے والے برساتی ریلوں کے باعث بعض مقامات پر پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے جبکہ آبشاروں نے بھی اپنی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر دیا ہے جس سے علاقے کا قدرتی حسن دوبالا ہو گیا ہے۔زرعی ماہرین کے مطابق مون سون کی یہ بارشیں ضلع شانگلہ کی زرعی زمینوں، باغات، جنگلات اور چراگاہوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوں گی۔ مکئی، سبزیوں اور دیگر موسمی فصلوں کو بارشوں سے خاطر خواہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جبکہ قدرتی چشموں اور آبی ذخائر میں بھی پانی کی مقدار میں اضافہ ہوگا۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ندی نالوں، دریاں اور تیز بہا والے برساتی ریلوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر پہاڑی شاہراہوں پر احتیاط ے سفر کریں۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون کی موجودہ سپیل کے دوران ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے موسم مزید خوشگوار رہے گا تاہم بعض مقامات پر شدید بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور آمدورفت میں رکاوٹ کا بھی خدشہ موجود ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed