ضلع چارسدہ میں بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام اور آل پارٹیز کانفرنس کے رہنماں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، جس کے دوران مظاہرین کی بڑی تعداد ایکسین آفس میں داخل ہو گئی اور شدید نعرے بازی کی گئی۔احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے ظالمانہ اور طویل ترین لوڈشیڈنگ کے خلاف غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایکسین آفس کو تالے لگا دیے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فوری طور پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔آل پارٹیز کانفرنس کے رہنماں نے کہا کہ عوام کو مزید اذیت میں نہیں رکھا جا سکتا، ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری، چیف پیسکو، کمشنر پشاور، ڈی سی چارسدہ حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی ظالمانہ اور نارولوڈشیڈنگ کو لگام دینے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔دوسری جانب سرڈھیری میں بھی بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام نے احتجاج کیا، جہاں مظاہرین نے وزیر اعلی کے معاون خصوصی کے گھر کے سامنے مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے، بجلی کی فراہمی کو بہتر اور مستقل بنایا جائے اور عوامی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے۔







