گزشتہ روز یتیم خانہ امن کور پشاور اور یوتھ افیئرز ڈسٹرکٹ پشاور کے باہمی اشتراک سے یتیم بچوں کے لیے پشاور کے تاریخی، ثقافتی اور تفریحی مقامات کے مطالعاتی و تفریحی دورے کا اہتمام کیا گیا۔دورے کا آغاز عظیم پشتون صوفی شاعر حضرت عبدالرحمن بابا کے مزار سے کیا گیا، جہاں بچوں نے فاتحہ خوانی کی، تلاوتِ کلامِ پاک کا اہتمام کیا اور رحمن بابا کے منتخب اشعار پیش کیے۔ اس موقع پر بچوں کو شاعرِ مشرقِ پختونخوا کی علمی، ادبی اور روحانی خدمات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بعد ازاں بچوں کو پشاور کے تاریخی مقام گور گٹھڑی کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں اس تاریخی عمارت اور اس کی تہذیبی اہمیت کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ اس کے بعد بچوں نے پشاور میوزیم کا دورہ کیا، جہاں میوزیم کے ذمہ دار محترم حسن بھائی نے وفد کا استقبال کیا اور بچوں کو گندھارا تہذیب سمیت مختلف تاریخی نوادرات اور آثارِ قدیمہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران بچوں کو تاریخی درویش مسجد بھی لے جایا گیا، جہاں انہیں مسجد کی تاریخ اور مذہبی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔بعد ازاں یتیم بچوں نے پشاور چڑیا گھر کا دورہ کیا اور مختلف جانوروں، جن میں شیر، بندر، زرافہ اور لومڑیاں شامل تھیں، کا مشاہدہ کیا۔ بچوں نے چڑیا گھر میں موجود تفریحی سرگرمیوں اور جھولوں سے بھی بھرپور لطف اٹھایا۔

یتیم خانہ امن کور پشاور کے ڈائریکٹر اور ممتاز مذہبی سماجی رہنما مفتی کریم اختر اورکزئی کے مطابق اس سیاحتی و تفریحی دورہ کا مقصد یتیم بچوں کو تاریخی، ثقافتی اور تعلیمی مقامات سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ انہیں صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ بچوں نے اس سرگرمی کو انتہائی مفید اور یادگار قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔یوتھ افیئرز ڈسٹرکٹ پشاور اور امن کور کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی یتیم بچوں کی تعلیمی، تربیتی اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے ایسے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔







