امنِ عامہ کی مخدوش صورتحال، سراروغہ کے علاقے سے ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار اغوا کرلئے گئے ،بدھ کے روز جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر ایس ایچ او احمد شاہ سمیت چھ دیگر پولیس اہلکاروں کو اسلحے کے زور پر اغوا کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق اہلکار بنگے والا کے علاقے میں بم ڈسپوزل سکواڈ کو سکیورٹی فراہم کرنے کے فرائض انجام دے رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے انہیں یرغمال بنا لیا۔واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ تاحال کسی بھی تنظیم یا گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارشد خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ علاقے کو بھاری پولیس نفری نے گھیرے میں لے کر تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان میں امنِ عامہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو دن دہاڑے نامعلوم افراد اغوا کر رہے ہیں اور بعد ازاں ان کی رہائی کے لیے مذاکرات یا دیگر ذرائع استعمال کیے جاتے ہیں۔







