تدریسی ہسپتال باچا خان میڈیکل کمپلیکس-ایم ٹی آئی صوابی میں نومولود بچوں کی صحت، علاج اور نگہداشت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے لیبر ایجوکیشن آرگنائزیشن نے مسلم چیریٹی، یوکے کے تعاون سے دو بے بی وارمرز اور دو بے بی انکیوبیٹرز عطیہ کیے، جنہیں میڈیکل ڈائریکٹر کی ہدایت پر این آئی سی یو میں نصب کردیا گیا ہے ،اس سلسلے میں لیبر ایجوکیشن آرگنائزیشن کے پروگرام منیجر، جناب حسن حساس نے این آئی سی یو کا دورہ کیا اور عطیہ کیے گئے طبی آلات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر یونٹ انچارج نے انہیں مشینوں کے استعمال، ضرورت اور افادیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔پروگرام منیجر نے ہسپتال انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ مسلم چیریٹی، یوکے اور لیبر ایجوکیشن آرگنائزیشن کی جانب سے باچا خان میڈیکل کمپلیکس، خصوصا این آئی سی یو، کے ساتھ تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ہسپتال انتظامیہ نے دونوں تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ طبی آلات نومولود بچوں کی بہتر نگہداشت، معیاری علاج معالجے اور نیونیٹل ہیلتھ کیئر سروسز کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ترجمان کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مزید ضروری طبی آلات کی فہرست بھی پروگرام منیجر کو فراہم کر دی گئی ہے، جس پر جلد عملی اقدامات متوقع ہیں۔ واضح رہے کہ لیبر ایجوکیشن آرگنائزیشن اور مسلم چیریٹی، یوکے پاکستان میں صحت کی سہولیات اور ہیلتھ کیئر سروس ڈیلیوری سسٹم کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں، اور باچا خان میڈیکل کمپلیکس کے ساتھ یہ تعاون اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے







