وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف بیانات اور ملکی اداروں اور شہدا کی توہین تشویشناک ہے، کشمیر پر انڈیا کیخلاف 5 جنگیں لڑی ہیں، اس کی سرحدوں کی حفاظت ہماری مسلح افواج کر رہی ہیں ۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام نے 78 سال سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور انہوں نے پاکستان سے اپنی وابستگی اور محبت کے اظہار میں لاتعداد قربانیاں اور شہادتیں دی ہیں، کشمیری شناخت اور جدوجہد قربانی، ہجرت اور طویل مزاحمت کی تاریخ ہے، وہ لوگ آزادی کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکتے جنہوں نے اس کیلئے قربانیاں نہ دی ہوں، پاکستان اور کشمیر کے درمیان رشتہ مشترکہ جدوجہد اور باہمی عزم پر قائم ہے ،اگر میں پاکستانی ہو کر پاکستان کی سالمیت کیخلاف بات کروں تو میں پاکستانی نہیں۔ انہوںنے کہاکہ کنٹرول لائن پر ہماری افواج پہرا دیتی ہیں جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے جوان شامل ہیں ،ہم نے کشمیر کیلئے 5 جنگیں لڑیں اور صلے میں ہمیں گالیاں دی جاتی ہیں جو قابل قبول نہیں۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن)کے درمیان ماضی میں ایک دوسرے سے اختلاف اور محاذ آرائی کی تاریخ رہی ہے، پھر دونوں جماعتوں نے احساس کیا کہ جمہوریت اورجمہوری روایات کوآگے بڑھانے کیلئے ہمیں ایک طریقہ کار اختیارکرنا چاہئے اور اسی جذبہ کے تحت میثاق جمہوریت پردستخط کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ میں کسی کو ہدایت دیتا ہوں یا مطالبہ کرتا ہوں تو اس مطالبہ سے پہلے ہاتھوں کا صاف ہونا ضروری ہے







