پاکستان ریلوے کی جانب سے 15 ٹرینوں کی آئو ٹ سورسنگ کیلئے اوپن نیلامی میں صرف 5 ٹرینوں کے ٹھیکے دئیے جا سکے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق 10 ٹرینوں کیلئے کوئی بولی موصول نہ ہونے پر ان کی آئوٹ سورسنگ موخر کر دی گئی، 5 ٹرینوں کی آئو ٹ سورسنگ سے پاکستان ریلوے کو مجموعی طور پر 10 ارب 78 کروڑ 23 لاکھ روپے کی آمدن حاصل ہوئی، نیلامی میں نجی شراکت داروں کے سپرد کی جانے والی ٹرینوں میں عوام ایکسپریس، ملت ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس اور نارووال پسنجر شامل ہیں۔نیلامی کے نتائج کے مطابق عوام ایکسپریس 3 ارب 56 کروڑ روپے، قراقرم ایکسپریس 3 ارب 90 کروڑ 15 لاکھ روپے، ملت ایکسپریس 2 ارب 77 کروڑ 28 لاکھ روپے، میانوالی ایکسپریس 40 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ نارووال پسنجر 14 کروڑ 70 لاکھ روپے میں آٹ سورس کی گئی۔ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے نے 15 ٹرینوں کی آئو ٹ سورسنگ کیلئے مجموعی طور پر 25 ارب روپے سے زائد کا بنچ مارک مقرر کیا تھا، تاہم 10 ٹرینوں کے لئے مقرر کردہ بنچ مارک زیادہ ہونے کے باعث کمپنیاں بڈز جمع کرانے سے گریزاں رہیں۔جن ٹرینوں کے لئے کوئی بولی موصول نہ ہو سکی ان میں ہزارہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، راوی ایکسپریس، بہائو الدین زکریا ایکسپریس، لا ثانی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، سیالکوٹ ایکسپریس اور فیض احمد فیض ایکسپریس شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق 10 ٹرینوں کی آئو ٹ سورسنگ موخر کر دی گئی ہے اور ریلوے انتظامیہ آئندہ مرحلے میں بنچ مارک اور شرائط کا ازسرنو جائزہ لینے پر غور کرے گی







