محکمہ انسدادِ دہشت گردی مردان نے شبقدر کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم دہشت گرد گروہ سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔جبکہ کوہاٹ میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرکے 3 دہشت گرد ہلاک کردیئے،سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق شبقدر میں ہلاک ہونے والوں میں حیات خان عرف حیات اللہ، عاصم اور امین اللہ عرف معاویہ عرف قاری شامل ہیں، کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں تینوں مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد حیات خان عرف حیات اللہ مولانا عزت اللہ ٹارگٹ کلنگ کیس میں اشتہاری ملزم تھا، جبکہ دہشت گرد عاصم ضلع خیبر میں پولیس اہلکاروں اور مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔حکام کے مطابق تیسرے ہلاک دہشت گرد کی شناخت امین اللہ عرف معاویہ عرف قاری کے نام سے ہوئی ہے، جو مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں اور ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور فرار ہونے والے ممکنہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر تلاشی کا عمل جاری رکھا گیا ہیکوہاٹ کی تحصیل لاچی کی حدود میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی ے دوران تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم سے وابستہ دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں اور تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ان دہشت گردوں نے مبینہ طور پر شکردرہ روڈ پر ایک ناکہ بھی قائم کر رکھا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھرپور اور پیشہ ورانہ جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ کارروائی کے دوران جائے وقوعہ سے تین کلاشنکوف رائفلیں، نو میگزین اور بڑی مقدار میں گولیاں برآمد کی گئیں۔پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے کچھ ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے







