شعیب جمیل
اینٹی کرپشن کورٹ پشاور نے چترال بمبوریت میں گندم کے سرکاری گودام سے 214ٹن گندم خور دبرد کرنے اور سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 12 سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنا دی جس پر ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرکے سوات جیل منتقل کردیا گیا ۔مقدمے کی سماعت صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ کے سپیشل جج آصف رشید نے کی۔ عدالت نے سماعت کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ پراسیکیوشن کے مطابق ملزم عبدالجلیل نے چترال بمبوریت کے سرکاری گودام میں خورد برد کے ذریعے 214 میٹرک ٹن گندم عائب کی تھی اور سرکاری خزانے کو ایک کروڑ 13 لاکھ روپے نقصان پہنچایا ۔ملزم کے خلاف انکوائری کے بعد مقدمہ درج کیا گیا اور ٹرائل شروع کیا گیا۔ملزم نے مقدمہ درج ہونے کے بعد عدالت سے ضمانت حاصل کی تھی ۔عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے پر قراردیاکہ ملزم کے خلاف جرم ثابت ہو چکا ہے اور استغاثہ اپنا الزام درست ثابت کر چکی ہے اس عدالت نے گودام کے سابق انچارج عبدالجلیل کو دو الگ الگ دفعات میں مجموعی طور پر 12 سال قید بامشقت کی سزاسنائی جبکہ اسے مجموعی طور پر دس لاکھ روپے جرمانہ بھی کردیا عدالت نے مجرم کی ضمانت منسوخ کر کے اسے فوری حراست میں لیکر ڈسٹرکٹ جیل سوات منتقل کرنے کا حکم جاری کردیا







