بھارت کے مشہور یوٹیوبر اور بگ باس او ٹی ٹی کے فاتح ایلوِش یادو نے انٹرنیٹ پر جاری سیاسی طنز کے نئے ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے ایک نئی فرضی جماعت خرگوش جنتا پارٹی متعارف کرادی ہے۔یہ مہم حال ہی میں انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی کاکروچ جنتا پارٹی کے جواب میں شروع کی گئی ہے، جس نے سوشل میڈیا کے بعد اصل زندگی میں طلبہ کے احتجاجی مظاہروں کی شکل اختیار کر لی تھی۔اس نئی اور فرضی جماعت بنانے کا اعلان ایلوش یادو نے چند رنگارنگ پوسٹرز اور خرگوشوں کے گرد گھومتے ہوئے ایک انوکھے منشور کے ذریعے کیا ہے۔خرگوش جنتا پارٹی کا نعرہ تیز دماغ، لمبے کان اور گاجر کی طاقت سے ترقی ہے، جبکہ اس کے تین نکاتی ایجنڈے میں گاجر کو بنیادی حق قرار دیا گیا ہے، تیز رفتاری کو اپنی پہچان مانا گیا ہے اور خرگوشوں کے اتحاد پر زور دیا گیا ہے۔اس مزاحیہ مہم کو ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ایلوش یادو نے اپنے چاہنے والوں کو دہلی کے جنتر منتر پر جمع ہونے کی دعوت دی ہے اور وہاں آنے والے ہر شخص کے لیے مفت گاجر کا وعدہ بھی کیا ہے۔







