ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں سیلاب سے متاثرہ بچوں اور نوجوانوں کیلئے محفوظ، جامع اور معیاری تعلیم تک رسائی کی بحالی کے منصوبے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سید نعمان علی شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف و ہیومن رائٹس نعمت اللہ، محکمہ تعلیم کے افسران اور سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلا ہنگامی ردعمل برائے مون سون سیلاب پاکستان منصوبہ ادارہ ایجوکیشن کین ناٹ ویٹ کے مالی تعاون سے ضلع سوات میں نافذ کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی سہولیات کی بحالی اور تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ منصوبے کے تحت ضلع بھر کے تیس سرکاری تعلیمی اداروں کی بحالی اور مرمت کا کام دو کروڑ دو لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے منصوبے کو متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے اہم قدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے کردار کو سراہا اور ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی تعاون سے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔ اجلاس کے اختتام پر منصوبے کے تحت محکمہ تعلیم کے نمائندگان میں چیکس بھی تقسیم کیے گئے تاکہ بحالی کے کاموں کو مزید موثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔







