پاکستان تحریک انصاف کے سابق ترجمان اور سینئر قانون دان معظم بٹ ایڈووکیٹ نے گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم پر عائد پابندیوں کو غیر آئینی، غیر قانونی اور جمہوری اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے اور عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم صرف پاکستان تحریک انصاف کو اس بنیادی جمہوری حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، جو کھلا امتیازی سلوک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہیں بلکہ عوام کے حقِ رائے دہی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود عوام میں مقبول ہیں اور سیاسی مخالفین کے اعصاب پر حاوی ہیں، جس کے باعث ایسے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ پی ٹی آئی کو انتخابی میدان سے باہر رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں مواقع فراہم نہیں کرنے تھے اور صرف ایک جماعت کو نشانہ بنانا تھا تو پھر انتخابات کے انعقاد کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر انتخابی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے تاکہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔







