شہباز شریف کل سے 26مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے

وزیراعظم محمد شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک کا چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم کا دورہ چین خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف دورے کے دوران چینی قیادت بشمول صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ توقع ہے کہ اس دورے سے سیاسی اعتماد، سٹریٹجک کوآرڈینیشن، سیاسی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط اور وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور آزمودہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے، ہمہ موسمی تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کی تجدید اور مشترکہ مستقبل کے حامل پاکستان۔چین تعلقات کے وژن کو آگے بڑھانے کا اہم موقع ثابت ہوگا جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات بھی زیرِ غور آئیں گے۔ یہ دورہ اس لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کہ پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ وزیراعظم اپنے دورے کا آغاز چین کے شہر ہانگزو سے کریں گے، جہاں وہ آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی ذخیرہ کرنے اور زراعت سے متعلق پاکستان۔چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے سرمایہ کار، کاروباری شخصیات اور صنعتی نمائندگان شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق دو طرفہ تعلقات اور سیاسی، اقتصادی اور سٹریٹجک شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی یاد میں چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed