ڈاکٹر گلزار جلال کو خیبرپختونخوا سینٹر آف ایکسیلنس آن کائونٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (KPCVE) نے ماہرکے طور پر نامزد کیا ہے۔ اس سلسلے میں سنٹر آف ایکسی لینس خیبر پختونخواحکومت نے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نامزد افراد محکمہ کو پالیسی ان پٹ، غور و خوض، بیانیہ سازی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے بارے میں بصیرت افزا ماہرانہ تجاویز فراہم کریں گے۔ اس ضمن میں مخصوص اسائنمنٹس، مشاورت، تربیت، تحقیقی اقدامات، ورکشاپس، موضوعاتی مباحثوں اور تجزیاتی معاونت کے لیے مختلف امور کے بارے میں ارکان کو ذمہ داریاں تفویض کی جائے گی صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، ڈاکٹر گلزار جلال نے کہا کہ مذکورہ ذمہ داریوں کے لیے ان کا انتخاب صوبائی حکومت، محکمہ اعلی تعلیم اور خاص طور پر سنٹر آف ایکسی لینس کی جانب سے بہت بڑا اعتماد ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر گلزار جلال پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز میں ممبر بورڈ آف گورنرز کی حیثیت سے صوبائی حکومت کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں۔ انہیں پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز برائے خیبرپختونخوا کی طرف سے ڈائریکٹر (اعزازی)کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔ بحیثیت محقق ڈاکٹر جلال نے اب تک کئی تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں اور انگریزی ادب اور لسانیات کے شعبے میں ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کی بحیثیت نگران ذمہ داریاں سر انجام دی ہیں۔ ادبی حلقوں نے صوبائی حکومت کی اس فیصلہ کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر گلزار جلال اس ضمن میں اپنے تمام تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔







