جتنے مرضی مذاکرات کروالیں، ملک میں ایک روپیہ سرمایہ کاری نہیں آئیگی، شاہد خاقان

سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ملکی نظام پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس ملکی معاملات حل کرنے کی کوئی صلاحیت موجود نہیں ہے، آپ ایران اور امریکہ کے درمیان جتنے مرضی مذاکرات کروا لیں، ملک میں ایک روپے کی سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس یہ کون سا تجربہ ہے کہ ایک ہی غلطی کو پچھلے آٹھ سال سے مسلسل دہرایا جا رہا ہے؟ ہمیں ہمیشہ معجزات کی تلاش رہتی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ملک میں بیٹھے بااثر لوگ کبھی بھی ٹیکس کا دائرہ اختیار بڑھنے نہیں دیں گے، ہمارے ملک میں جو شخص بھی ووٹ ڈالتا ہے، وہ پاکستان کا حصے دار ہے اور ٹیکس دینا اس کی ذمہ داری ہے، لیکن بوجھ صرف ایک طبقے پر ڈالا جا رہا ہے۔سابق وزیرِ اعظم نے پارلیمنٹیرینز اور حکومتی عہدیداروں کی مراعات پر کہا کہ پچھلے 5 سالوں میں پارلیمنٹیرینز نے اپنی تنخواہیں 500 فیصد سے زیادہ بڑھا لیں، حد تو یہ ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ نے اپنی تنخواہوں میں 850 فیصد تک اضافہ کر لیا، آپ اپنے شاہانہ خرچے بڑھانے کیلئے عوام پر ٹیکس نہیں لگا سکتے، آج حالت یہ ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر 45 فیصد تک ٹیکس تھوپ دیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک جی ڈی پی کو بڑھانے کے لئے بڑی معاشی ریفارمز نہیں کی جاتیں، اس بجٹ کے عمل کا ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، جب بھی عالمی مارکیٹ کی وجہ سے پٹرول کی قیمت تھوڑی کم ہوتی ہے، تو وزیرِ اعظم خود ٹی وی پر اس کا اعلان کرنے آ جاتے ہیں، یہ ہم نے عجیب تماشے لگائے ہوئے ہیں، اس ملک میں جب ایک پولیس افسر باہر نکلتا ہے تو 6 گاڑیاں اس کے ساتھ ہوتی ہیں اور عوام کیلئے ٹریفک سگنل بند کردیئے جاتے ہیں، ہمارے حکمران آئین و قانون پر یقین ہی نہیں رکھتے اور نہ ہی انہیں عوام کی کوئی پرواہ ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہناتھاکہ کہ آپ ایران اور امریکہ کے درمیان جتنے مرضی مذاکرات کروالیں، جب تک ملک کے اندرونی حالات ٹھیک نہیں ہوتے، پاکستان میں ایک روپے کی بیرونی سرمایہ کاری نہیں آئے گی، اگر ترمیم کرنی بھی ہے تو ملک کا نظام بہتر کرنے کیلئے کی جائے، اگر رات کے اندھیرے میں چوروں کی طرح ترامیم کی جائیں گی تو اس سے ملک کا بہت بڑا نقصان ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed