پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے عید تعطیلات پر شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت ۔ تفصیلات کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے عید تعطیلات کے دوران خیبرپختونخوا بھر میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 25 مئی سے بالائی فضاوں میں ہائی پریشر سسٹم بننے کا امکان ہے جبکہ 26 مئی سے اس سسٹم میں مزید شدت پیدا ہو سکتی ہے، جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں معتدل سے شدید ہیٹ ویو متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے کے اعلامیے کے مطابق جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پارہ 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، ہری پور، مہمند، باجوڑ، خیبر، ہنگو، شمالی وزیرستان اور کوہاٹ میں بھی شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، کوہستان، مانسہرہ، کرم اور جنوبی وزیرستان سمیت بالائی اضلاع بھی گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں رہیں گے۔ ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو انسانی جانوں، فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر ہیٹ سٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ سٹیشن قائم کیے جائیں تاکہ گرمی سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔پی ڈی ایم اے نے محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ممکنہ آتشزدگی اور ہیٹ سٹروک کے واقعات سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے پر زور دیا ہے۔عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور بزرگوں، بچوں و بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ہیٹ سٹروک، ڈی ہائیڈریشن اور گرمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاو کیلئے بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔ یاد رہے کہ عید تعطیلات پر شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ہے اور اس دوران درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا سکتا ہے، اس لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی ہیں۔







