ملک و قوم کیلئے نمایاں خدمات انجام دینے والی ممتاز شخصیات ضیا ء الحق سرحدی اور جمشید علی خان کے اعزاز میںچائنہ ونڈو میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں، سماجی شخصیات، دانشوروں، صحافیوں، ادیبوں اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد سول ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب میں سیکرٹری زراعت ڈاکٹر بختیار خان نے ضیا الحق سرحدی اور جمشید علی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سول ایوارڈز ان شخصیات کی انتھک محنت، قابلیت اور وطن سے محبت کا اعتراف ہیں،

جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شخصیات نوجوان نسل کے لئے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔سرحد ایوان صنعت و تجارت پشاور کے سینئر نائب صدر محمد ندیم نے سول ایوارڈ حاصل کرنے والوں ضیا ء الحق سرحدی اور جمشید علی خان کو بزنس کمیونٹی کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات کی خدمات چار سے پانچ دہائیوں پر مشتمل ہیں جنہیں حکومت پاکستان کی جانب سے سراہا جانا اہل پشاور کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔انہوں نے تقریب کے انعقاد پر چائنہ ونڈو کی انتظامیہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ممتاز قانون دان محمد حبیب قریشی ایڈوکیٹ، سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر زاکر شاہ، ممتاز سماجی کارکن خواجہ اکبر سیٹھی، اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کے وسیم شاہداورچائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے کہا کہ سول ایوارڈ حاصل کرنے والوں ضیا الحق سرحدی اور جمشید علی خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ قوم اپنے محسنوں اور قابل افراد کی قدر کرتی ہے اور ان کی کامیابیاں پورے صوبے اور ملک کے لئے باعثِ فخر ہیں۔ شرکا نے ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں اور تجربات سے ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں گے۔

تقریب سے خطاب میں ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے ضیا ء الحق سرحدی نے کہا کہ انہوں نے پچاس سال سے زیادہ اپنے شہر کی خدمت کی اور زندگی کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دئیے انہیں خوشی ہے حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔انہون نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی خدمات بھرپور تندہی کے ساتھ انجام دیتے رہیں گے۔ صدارتی ایوارڈ حاصل کرنے والے اینکر اور ڈائریکٹر جمشید علی خان نے کہا کہ انہوں نے طویل عرصہ ریڈیو، اسٹیج اور ٹیلی وژن پر خدمات انجام دی ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوارڈز خدمات کا اعتراف ہی نہیں ہوتے بلکہ انسان میں ایک نیا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں اور ان کی کوشش ہو گی کہ وہ اپنے شہر، صوبے اور ملک کے لئے مزید بہتر خدمات انجام دیں۔قبلازیں مہمان خصوصی ڈاکٹر بختیار خان نے ضیاء الحق سرحدی اور جمشید علی خان کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور روایتی چادریں پیش کیں۔میزبان امتیاز احمد نے روایتی ٹوپیاں پہنائیں جبکہ سرحد ایوان صنعت و تجارت کے سینئر نائب صدر نے دونوں شخصیات کو شیلڈز پیش کیں۔







