حرمین شریفین کی انتظامیہ نے خطبہ حج 2026 کے لیے خطیب کا اعلان کر دیا ۔ادارہ امورِ حرمین شریفین نے حج 2026( 1447 ہجری ) کے موقع پر خطبہ حج کیلئے ممتاز عالم دین اور مسجد نبوی ۖ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی بن عبدالرحمن الحذیفی کو خطیب مقرر کردیا ہے ۔جاری اعلامیے کے مطابق شیخ علی الحذیفی 9 ذوالحجہ 1447 ہجری کو میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیں گے، جسے دنیا بھر میں کروڑوں مسلمان خصوصی توجہ سے سنتے ہیں۔ شیخ علی الحذیفی عالم اسلام کے معروف قرا اور جید علما میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ کئی دہائیوں سے مسجد نبوی ۖ میں امامت و خطابت کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور ان کی پرسوز تلاوت دنیا بھر میں مقبول ہے۔خطبہ کو حج کے اہم ترین رکن وقوف عرفہ کا مرکزی حصہ تصور کیا جاتا ہے، جس میں امت مسلمہ کے اتحاد، تقوی، امن اور اسلامی تعلیمات پر خصوصی روشنی ڈالی جاتی ہے۔







