گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعلی سہیل آفریدی نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر ہاس پشاور میں ہونے والی ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش، پنجاب سے گندم کی ترسیل، پولیس تنخواہوں اور صوبائی انتظامی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سی این جی کی بندش آئین کی خلاف ورزی ہے اور اس اقدام سے غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گندم اور سی این جی بحران کے باعث عوام کو مہنگائی اور مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب راہداری فراہم کرے تو خیبرپختونخوا سندھ سے گندم حاصل کر سکتا ہے، تاہم راہداری نہ ہونے کے باعث صوبے کو گندم مہنگے داموں خریدنا پڑ رہی ہے۔ گورنر کے مطابق سندھ حکومت خیبرپختونخوا کو گندم فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔ملاقات میں بابر سلیم سواتی، شفیع جان اور چیف سیکرٹری بھی شریک تھے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار ساتھ ایشیا کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹیرینز کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو صوبے کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ گورنر نے چیف سیکرٹری کو دیگر صوبوں کی پولیس مراعات کا جائزہ لے کر سفارشات تیار کرنے کی ہدایت دی۔







