نوکری سے برطرف سابق سول جج مین پوری اسمگل کرتے پکڑا گیا ، گرفتار دونوں ملزمان گلستان جوہر کراچی کے رہائشی ہیں۔رپورٹ کے مطابق سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان کی بی سیکشن پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک ہائی پروفائل کارروائی کرتے ہوئے نوکری سے برطرف سابق سول جج کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں مین پوری اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بی سیکشن پولیس کی ٹیم علاقے میں معمول کی اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھی کہ ایک مشکوک گاڑی کو روکا گیا، تلاشی کے دوران جب پولیس نے کارروائی شروع کی تو گاڑی میں سوار شخص نے قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے خود کو سول جج متعارف کروایا اور رعب جمانے کی کوشش کی۔تاہم جب پولیس نے شک گزرنے پر اس سے جج ہونے کا سرکاری ثبوت یا سروس کارڈ طلب کیا، تو ملزم نے اپنا پرانا شناختی کارڈ پیش کیا جس پر برطرفی کا سچ سامنے آ گیا۔پولیس نے گاڑی کی تفصیلی تلاشی لی تو چونکا دینے والے انکشافات ہوئے ، گرفتار ملزمان میں نوکری سے برطرف سابق سول جج زاہد مغیری اور اس کا ساتھی سجاد لاشاری شامل ہیں، دونوں ملزمان کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر کے رہائشی ہیں۔گاڑی کی تلاشی کے دوران مین پوری (گٹکا) کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کے 10 بڑے بیگز برآمد ہوئے، جو کراچی اسمگل کیے جا رہے تھے۔برطرف سابق سول جج زاہد مغیری کے قبضے سے ایک غیر قانونی اسلحہ (پسٹل) بھی برآمد کیا گیا ہے جس کا وہ لائسنس پیش نہ کر سکا۔ٹنڈو محمد خان پولیس کا کہنا ہے کہ قانون سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے۔ پولیس نے برطرف جج اور اس کے ساتھی کے خلاف مین پوری کی اسمگلنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان کو حوالات منتقل کر دیا گیا ہے اور اس بات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں کہ وہ یہ ممنوعہ مواد کہاں سے لا رہے تھے اور اس نیٹ ورک میں مزید کون کون شامل ہے۔







