بنوں پولیس چوکی حملہ، افغان ناظم الامور کی دفترِ خارجہ طلبی

بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے سے متعلق افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا اس حوالے سے ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ افغان ناظم الامور کو دہشت گردوں کے فتح خیل پولیس پوسٹ بنوں پر حملے پر سخت احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔ترجمان نے کہا کہ 9 مئی کے دہشت گرد حملے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 4 افراد زخمی ہوئے تھے، تحقیقات، شواہد اور تکنیکی انٹیلی جنس سے ثابت ہوا حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، پاکستان نے واضح کیا کہ وہ اس بزدلانہ حملے کے ذمے داروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی رپورٹس میں افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر موجود ہے، افغان طالبان اپنی سرزمین دوسرے ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کے وعدے پر عمل کریں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے افغان طالبان پر فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور داعش عناصر کے خلاف قابل تصدیق کارروائی پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دوست ممالک کی ثالثی میں افغان طالبان سے کئی مذاکرات کیے، افغان طالبان دہشت گرد گروہوں کے خلاف موثر کارروائی میں ناکام رہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed