شعیب جمیل
پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جنرل باڈی اجلاس صدر بار امین الرحمن یوسفزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس کے سیکرٹری کے فرائض جنرل سیکرٹری اشفاق احمد دادزئی نے انجام دیئے ۔اجلاس میں شیخ الحدیث حافظ محمد ادریس رحم اللہ کی شہادت، صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کے حوالے سے خصوصی ایجنڈا زیر بحث آیا۔ اجلاس میں مختلف سیاسی فورمز کے قائدین اور وکلا برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، اس موقع پر پاکستان بار کونسل کے ممبر نوید اختر، مسرت اللہ خان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، ضیا الرحمان سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، جہانزیب خان شینواری ایڈووکیٹ ہائی کورٹ اور صدر بار امین الرحمن یوسفزئی نے خطاب کیا۔مقررین نے شیخ الحدیث حافظ محمد ادریس رحم اللہ کی دینی و علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی شہادت کو صوبے، ملک اور عالم اسلام کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ اجلاس میں مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔مقررین نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی اور بیرونی سازشوں کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وکلا برادری امن کے قیام اور ملکی دفاع کے لیے ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔اجلاس کے شرکا نے معرکہ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔







