پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر، داتو محمد اظہر مظلان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان گہرے اور مضبوط دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک معاشی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔دورے کے دوران ہائی کمشنر نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا معائنہ کیا، فرینڈشپ وال پر دستخط کیے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں پاکستان ایک نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔داتو محمد اظہر مظلان نے کہا کہ اس وقت دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور ایک پرامن شہر ہے اور یہاں آ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ملائیشیا قریبی شراکت دار ہیں جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مضبوط عوامی روابط کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تجارت، تعلیم، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔معاشی تعاون کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے حلال انڈسٹری، زراعت اور گرین انرجی کے شعبوں میں موجود وسیع مواقع کا ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک تجارتی حجم میں اضافے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے تعلیمی اور میڈیا تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے

تاکہ باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مثبت تعلقات کے فروغ میں میڈیا کے کردار کو بھی سراہا۔دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی روابط کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا اہم علاقائی اور عالمی امور پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں اور ان کے سفارتی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔داتو محمد اظہر مظلان نے چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کو پشاور میں پاک چین دوستی کا ایک شاندار اور منفرد مرکز قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ خطے کے ممالک امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔







