پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-II میزائل سسٹم کی کامیاب تربیتی مشق کی ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فتح-II جدید ایویونکس اور اسٹیٹ آف دی آرٹ نیویگیشنل معاونت سے لیس ہے، تربیتی لانچ کا مقصد فوجیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق اور بہتر درستگی و بچا کے ساتھ ہدف تک پہنچنے اور مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔بیان میں بتایا گیا کہ کامیاب تجربے کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کی کامیاب تربیتی مشق کو سراہا، صدر مملکت، وزیر اعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے میزائل کی کامیاب مشق پر متعلقہ ٹیموں کی فنی مہارت، لگن اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔







