خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ پالیسی پر شدید تحفظات

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومتی رکن عبیدالرحمن نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے صوبے میں ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کی پالیسی پر سنگین خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے متعدد ہسپتال نجی اداروں کے حوالے کیے جا رہے ہیں، جن میں بعض ایسے ہسپتال بھی شامل ہیں جہاں حالیہ عرصے میں کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے خاص طور پر دیر لوئر کے ثمرباغ ہسپتال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں طبی سہولیات اور کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے اور اسے ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے کا عمل بھی جاری ہے۔ ایسے ادارے کو آؤٹ سورس کرنا نہ صرف کارکردگی کو متاثر کرے گا بلکہ تدریسی نظام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے منڈا اور میار ہسپتالوں کے حوالے سے بھی خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں بھی آؤٹ سورس کیا جا سکتا ہے، لہٰذا بہتر کارکردگی والے ہسپتالوں کو اس پالیسی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور نئے سرے سے سروے کر کے حقائق کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں۔دیر سے منتخب رکن اسمبلی ہمایون خان نے چکدرہ کیٹیگری بی ہسپتال کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہاں سالانہ تین لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے، اس لیے آؤٹ سورسنگ سے قبل جامع جائزہ ناگزیر ہے۔وزیر قانون آفتاب عالم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت کی عدم موجودگی کے باعث تفصیلی جواب ممکن نہیں، تاہم یہ ایک اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقامی آبادی ہسپتالوں کی کارکردگی سے مطمئن ہے تو پالیسی پر ازسرنو غور کیا جانا چاہیے اور بہتر کارکردگی والے ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کی ضرورت نہیں۔اس موقع پر ن لیگ کی رکن ثوبیہ شاہد نے نشاندہی کی کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کی شرائط کے مطابق میڈیکل کالج کے لیے 500 بستروں کا ہسپتال ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیمرگرہ میڈیکل کالج کی رجسٹریشن اسی وقت ممکن ہوگی جب مطلوبہ معیار پورا کیا جائے، جبکہ حکومت ہر سال بھاری فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پالیسی یہی رہی تو کیا اربوں روپے کی لاگت سے بننے والا میڈیکل کالج بند کر دیا جائے گا؟بحث کے اختتام پر پریزائیڈنگ افسر محمد اسرار نے وزیر صحت کی عدم موجودگی کے باعث اس اہم معاملے کو آئندہ اجلاس تک مؤخر کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed