وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سابق وزیر اعظم اور قائد عمران خان کی ہدایت پر قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر ان سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، مصطفی نواز کھوکھر، حسین احمد یوسفزئی اور خالد یوسف چوہدری بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران قائد عمران خان کی صحت اور علاج معالجے، قانونی دستاویزات پر دستخط سے روکے جانے اور انصاف تک رسائی میں درپیش رکاوٹوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ بنیادی قانونی اور انسانی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں آئندہ بجٹ، این ایف سی ایوارڈ، صوبائی حقوق، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات پر بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ صوبوں کے آئینی حقوق کا تحفظ اور منصفانہ وسائل کی تقسیم ناگزیر ہے۔ ملاقات میں قومی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور بجٹ میں عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔







