وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے آزاد جموں و کشمیر کی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں 25 اپریل کو ہونے والے دورہ آزاد کشمیر کی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ دورہ عمران خان کی ہدایت پر جاری عوامی تحریک کا تسلسل ہے اور اس تحریک کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی، عدلیہ و میڈیا کی آزادی اور حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد پوری قوت سے جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق ہیومن کیپیٹل ڈویلپمنٹ پر توجہ دے رہی ہے اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مواصلاتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ ٹرین سروسز کی بحالی اور اپگریڈیشن پر بھی کام جاری ہے۔ مزید برآں، عمران خان کے وژن کے تحت گڈ گورننس کے فروغ کے لیے اصلاحاتی اقدامات کو تیز کیا جا رہا ہے۔ وفد کے اراکین نے اس موقع پر کہا کہ عمران خان کی جانب سے نوجوان قیادت کو آگے لانا ایک مثبت اور مستقبل بین اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور وزیر اعلیٰ کے دورے پر ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا۔







