ضلع لکی مروت میں پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔پولیس کے مطابق آپریشن اخوندان کے جنگلات سول کیمپ میں کیا گیا، آپریشن کے دوران دو دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے تاہم دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔آپریشنل ایریا بنوں کے ساتھ ملحقہ سرحدی علاقہ ہے، آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران فتنة الخوارج کے دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گرد جنگلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہوگئے۔لکی مروت پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گروں میں ایک کی شناخت انتہائی مطلوب کمانڈر عامر سہیل عرف عقابی عرف عمر خطاب کے نام سے ہوئی۔ شناخت شدہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، پولیس اور سیکیورٹی فورسیز پر حملوں، بم دھماکوں اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔پولیس حکام کے مطابق جرات و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے پولیس جوان عتیق الرحمٰن شہید ہوگئے، لکی مروت علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ڈی پی او لکی نذیر خان کے مطابق پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، پولیس دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔







