پشاور ہائیکورٹ نے وکلا کو بار انتخابات کے عمل سے باہر کرنے کیخلاف دائر درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔عدالت نے خیبرپختونخوا بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 23 دسمبر 2025 کے اعلامیے کو معطل کر دیا ہے۔تحریری حکم نامے کے مطابق درخواست گزار وکلا کا موقف ہے کہ 23 دسمبر 2025 کو چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی خیبرپختونخوا بار کونسل نے وکلا کے ذمے واجبات سے متعلق ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ درخواست گزاروں کے مطابق اس اعلامیے میں ترمیم کرتے وقت متاثرہ وکلا کو نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ واجبات کا معاملہ پہلے پاکستان بار کونسل کے سامنے رکھا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان بار کونسل نے یہ معاملہ فیصلے کے لیے خیبرپختونخوا بار کونسل کو بھجوا دیا تھا۔ تاہم درخواست گزاروں کے مطابق بار کونسل کے بجائے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نے متنازعہ اعلامیہ جاری کیا۔سماعت کے دوران عدالت میں موجود خیبرپختونخوا بار کونسل کے ممبر فاروق احمد خٹک نے نوٹس وصول کر لیا۔عدالت نے قرار دیا کہ صوبے میں 28 مارچ کو ڈسٹرکٹ اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں، اس لیے معاملہ اہم نوعیت کا ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اس تاریخ تک ایگزیکٹو کمیٹی کا اعلامیہ معطل رہے گا جبکہ آئندہ سماعت پر کیس کو سن کر فیصلہ کیا جائے گا اور سماعت مزید ملتوی نہیں کی جائے گی۔







