چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کی کسی سازش کو پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بھارت شکست کا بدلہ پاکستان میں دہشت گردی کروا کر لے رہا ہے۔پشاور میں چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، پشاور میں چائنہ ونڈو بنایا گیا ہے جو چینی ثقافت کے دلدادہ افراد کیلئے کسی جنت سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وطن عزیز پاکستان اللہ کی طرف سے تحفہ ہے، اللہ نے رمضان المبارک میں ہی پاکستان عطا کیا، پاکستان کو آج بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، جب قومیں متحد ہوں تب ہی ملک آگے بڑھتے ہیں، ہمارا دشمن بہت ہی چالاک اور عیار ہے، بھارت اور افغانستان آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں معرکہ حق میں فتح عطا فرمائی، بھارت کو معرکہ حق میں شکست ہضم نہیں ہو رہی، جب اللہ کی مدد حاصل ہو تو معرکہ حق جیسی کامیابیاں ملتی ہیں، معرکہ حق میں ہندوستان کا غرور خاک میں مل گیا۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ ہندوستان شکست کا بدلہ پاکستان میں دہشتگردی کرواکر لے رہا ہے، اسلام آباد میں عبادت گاہ کو نشانہ بنایا گیا، باجوڑ میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، یہ دہشت گرد درندہ صفت لوگ ہیں۔مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے، آج پوری قوم افواج کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہے، دشمن کا کوئی ایجنڈا اور سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، فتنہ الہندوستان کی کسی سازش کو پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، آئیں مل کر وطن عزیز پاکستان کو مضبوط بنائیں۔







