وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ سرکاری خریداری شفافیت، جوابدہی اور مالی وسائل کے مؤثر استعمال کا تقاضا کرنیوالا گورننس کا اہم ستون ہے۔ مؤثر پروکیورمنٹ نہ صرف سرکاری منصوبوں کے بروقت اور بہتر نفاذ کو یقینی بناتی ہے بلکہ عوامی وسائل کے بہترین استعمال اور شہریوں تک معیاری اشیا و خدمات کی فراہمی کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (کے پی پی آر اے) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایڈوائزری گروپ آن پبلک پروکیورمنٹ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب کے آغاز میں خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (کے پی پی آر اے) کے منیجنگ ڈائریکٹر اکبر علی خان نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمانِ خصوصی مزمل اسلم اور ملک بھر سے آئے ہوئے صوبائی پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹیز کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور ان کی ٹیموں کا خیرمقدم کیا۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے اپنے خطاب میں ایڈوائزری گروپ آن پبلک پروکیورمنٹ کو ایک اہم فورم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معلومات کے تبادلے، باہمی تعاون اور بامقصد و مفید مکالمے کو فروغ دیتا ہے اور اس سے خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر صوبوں میں سرکاری شعبہ میں خریداری و خدمات کے حصول کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فورم صوبے میں سرکاری خریداری کے نظام کو درپیش چیلنجز کا مشترکہ طور پر جائزہ لینے، ایک دوسرے کے عملی تجربات سے استفادہ کرنے اور ایک واضح روڈ میپ مرتب کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے







