ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں آن لائن ڈومیسائل سروس معطل ہو گیا جس سے طلبہ خوار اور مشکلات کا شکار ہو گئے۔ خیبرپختونخوا بھر میں آن لائن ڈومیسائل سسٹم ای ایس ایم ایس (الیکٹرانک سروس مینجمنٹ سسٹم) گزشتہ روز سے بند پڑا ہے، جس کی وجہ سے صوبے کے تمام اضلاع میں ڈومیسائل کا اجرا رک چکا ہے، جبکہ دفاتر کے باہر روزانہ کی بنیاد پر عوام کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ایس ایم ایس سرور بیٹھ جانے کے باعث درخواستیں قبول نہیں کی جا رہیں اور اس کے علاوہ جاری کردہ ڈومیسائلز کی تصدیق بھی نہیں ہو پا رہی، سسٹم کی خرابی کی وجہ سے شہریوں کو بار بار دفاتر کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں، لیکن حکومتی سطح پر تاحال کوئی باقاعدہ اعلان یا متبادل بندوبست سامنے نہیں آیا۔
خیبرپختونخوا میں آن لائن ڈومیسائل سروس معطل ہونے پر متاثرہ طلبہ اور والدین کا کہنا ہے کہ ڈومیسائل کے بغیر داخلے کی درخواستیں جمع نہیں ہو رہیں اور اگر یہ معاملہ مزید کچھ دن جاری رہا تو ہزاروں طلبہ کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ کالجز میں داخلے کے لئے ڈومیسائل کی شرط لازمی ہوتی ہے، اس لئے ڈومیسائل نہ ہونے کی وجہ سے درخواستیں مسترد کی جا رہی ہیں، شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ متعلقہ دفاتر میں نہ تو عملہ رہنمائی کر رہا ہے اور نہ ہی کوئی چوکیدار یا اہلکار موجود ہوتا ہے جو سائلین کی بات سنے۔
شہریوں اور طلبہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ESMS سسٹم کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور عارضی طور پر مینوئل نظام متعارف کرایا جائے تاکہ طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
خیبرپختونخوا میں آن لائن ڈومیسائل سروس معطل، طلبہ خوار







