پاک ایران 13 معاہدے’ تجارتی حجم10 ارب ڈالر پراتفاق

وزیرا عظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں، پاکستان اور ایران کی قیادت باہمی تجارت کے حجم کو جلد از جلد 10 ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچانے کے لیے پْرعزم ہے، پاکستان پرامن مقاصد کیلئے ایران کے جوہری پروگرا م کی حمایت کرتا ہے، دہشتگردی کے خلاف پاکستان اور ایران کا موقف ایک ہے، کسی قسم کی دہشتگردی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا جبکہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہاہے کہ مذہب کی بنیاد پر اتحاد کا سبق ہمارے پیغمبر نے بھی دیا تھا اور جب تک ہم متحد رہیں گے تو ہماری خودمختاری قائم رہے گی،پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ، اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ اتوار کو یہاں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلہ کی تقریب کے موقع پرمشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اورپاکستان میں ایران کے سفیر اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے برادر اور دوست ملک کے صدر پہلی مرتبہ بطور صدر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی آپ کے دورے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ ملاقاتوں کے دوران ہم نے بھائی چارہ، باہمی تعلقات، مذہبی ، ثقافتی اور جغرافیائی شعبوں سمیت جامع تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر پاکستان کیلئے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جون میں اسرائیل نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے ایران کے خلاف جارحیت کی تو پاکستان کے عوام اور حکومت نے اس کی بھرپور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ کا کوئی جواز نہیں تھا۔ وزیراعظم نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے جنگ میں ایران کے سائنسدانوں ، جرنیلوں اور دیگر شہدا کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ جنگ میں سپریم لیڈر ا?یت اللہ خامنائی کی دلیرانہ اور دانشمندانہ قیادت میں ایرانی افواج اور عوام نے شجاعت کے ساتھ مقابلہ کیا اور ایرانی میزائلوں کی بارش میں اسرائیلی دفاع کو بری طرح بے نقاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران ایران کے عوام اور حکومت نے اپنی خودمختاری اور حمیت کا بھرپور دفاع کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا اصولی موقف ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پرامن مقاصد کیلئے جوہری طاقت کا پورا حق حاصل ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس حوالہ سے پاکستان ، ایران کے اصولی موقف کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج کئی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کئے ہیں، میری دعا ہے کہ یہ ایم او یوز جلد معاہدوں میں بدل جائیں اور ہماری دوطرفہ تجارت کو جلد از جلد 10 ارب ڈالر تک توسیع دیں، اس حوالہ سے ہمارے وفود بات چیت کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان اور ایران کا موقف ایک ہے، کسی قسم کی دہشتگردی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا، ہم خطے میں امن وترقی کی شاہراہوں کو کھولنے کیلئے کئی سو کلومیٹر طویل سرحدوں کو کھولنے کیلئے دہشتگردی کے خلاف بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں گے تاکہ ہمیشہ کے لئے دہشتگردی کا قلع قمع کیا جاسکے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں بدترین ظلم وستم کے حوالہ سے آواز بلند کرنے پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایران کے صدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ غزہ اور فلسطین کے عوام کیلئے بھرپور آواز اٹھائی ہے، حالیہ دنوں میں نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں اس حوالہ سے پاکستان کا موقف بھرپور طور پر پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر لمحہ بے گناہ معصوموں کو ذبح کیا جارہا ہے، بزرگوں، خواتین اور نوجوانوں کے خون سے گلیاں سرخ ہیں، اس سے بڑھ کر ظلم یہ ہے کہ پانی، خوراک اور ادویات کا داخلہ بند کر کے انہیں فاقہ کشی پر مجبور کردیا گیا ہے، یہ مناظر دیکھنے کا حوصلہ نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا کو یک زبان ہو کر غزہ کے حوالہ سے آواز بلند کرنی چاہئے، امن کیقیام کیلئے عالمی برادری کو توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پوری وادی معصوم کشمیریوں کے خون سے سرخ ہے، کشمیریوں کو بھی آزادی کا حق ہے اور اس کے بغیر ان کی آزادی مکمل نہیں ہوگی، پاکستان نے اس حوالہ سے ہمیشہ آواز اٹھائی اور اٹھاتا رہے گا، ہم ایران کے بھی شکر گزار ہیں کہ ایران نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق کیلئے آواز بلند کی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed