علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں خزاں سمسٹر 2025 ء یہ کے داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر پشاور سفیر اللّٰہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز میٹرک سے لے کر پی ایچ ڈی تک کے طلبہ کے لیے یکساں طور پر مفید اور قابل رسائی ہیں۔ خاص طور پر ورکنگ کلاس ، خواتین، اور دینی مدارس سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے یہ ادارہ تعلیم کے حصول کا بہترین اور لچک دار ذریعہ فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے حال ہی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی منظوری سے کئی نئے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کا آغاز کیا ہے۔ ان پروگرامز کا مقصد نو جوانوں کو عملی زندگی کے لیے تیار کرنا اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ایسوسی ایٹ ڈگری رکھنے والے طلبہ بی ایس کے پانچویں سمسٹر میں براہ راست داخلہ لے کر اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔ سفیر اللّٰہ نے مزید کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک کے دور دراز علاقوں تک تعلیمی سہولیات پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے، اور ہر طبقہ فکر کے افراد کے لیے مساوی مواقع فراہم کرتی ہے۔ داخلوں کا عمل اگست 2025ء کے دوسرے ہفتے تک جاری رہے گا۔ خواہشمند امیدوار یونیورسٹی کی ویب سائٹ یا قریبی علاقائی دفاتر سے داخلہ فارم اور رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔







