شعیب جمیل
خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور گرین اسکائی انٹرٹینمنٹ کے باہمی تعاون سے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے نشتر ہال پشاورمیں ”ہاں میں کشمیر ہوں” کے عنوان پرتھیٹر ڈرامہ پیش کیا گیاجس کا مقصد بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ وادی کشمیر میں ظلم و ستم کا سامنا کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

تھیٹر ڈرامے کو نعیم اقبال کوہاٹی نے تحریر کیا ہے جبکہ اس کے ہدایات کار خالد خٹک ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت محمد نواز خان، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ امور نوجوانان پیر عبداللہ شاہ ، ڈائریکٹر خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان ، منیجر ایونٹس حسینہ شوکت اور دیگر حکام موجود تھے۔


ڈرامے میں کشمیریوں کی تحریک آزادی، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد کو پیش کرنے سمیت بھارتی فوج کی بربریت کو اجاگر کیا گیا جو کشمیر میں بے گناہ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔فلم کی کہانی پانچ کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو سینئر ڈرامہ اور سٹیج فلم کے فنکاروں میںباطن فاروقی،ارم سحر، خالد خٹک ،طاہر قریشی، آصف شہزاد، کلیم خان،مسرت ملک، ارم سحر، پرنس اقبال، رفیق اعوان، چائلڈ سٹار حسن منیر شامل تھے۔کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے اس ڈرامے کو کشمیری عوام کیلئے آواز اٹھانے کے عزم کے تحت منعقد کیاہے جو بہادری کیساتھ بھارتی فوج کے مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔اس ڈرامے میں مقامی اداکاروں اور اداکاراؤں کو بھی شامل کیا تاکہ تھیٹراور اسٹیج ڈراموں کو بحال کرنے کیلئے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی کوششوں میں مدد مل سکے۔








