چین نے 2026 میں چاند کے جنوبی قطب پر ایک ذہین روبوٹک فلائر ڈیٹیکٹر بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جو وہاں پانی کی تلاش کرے گا۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق، چینی خلائی ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ یہ مشن مستقبل میں چاند پر ایک تحقیقاتی اسٹیشن کے قیام کے لیے بنیادی کام انجام دے گا۔ فلائنگ روبوٹ چانگ ای-7 مشن کا حصہ ہوگا، جس میں ایک مدار گرد (آربیٹر)، ایک لینڈر، ایک قمری روور اور ایک فلائنگ روبوٹک ڈیٹیکٹر شامل ہوگا۔ یہ مشن چاند کے ان دائمی سائے والے گڑھوں میں پانی کی موجودگی اور تقسیم کی تصدیق کرے گا، جہاں سورج کی روشنی کبھی نہیں پہنچتی۔ مشن کے نائب چیف ڈیزائنر تانگ یوہوا کے مطابق، چانگ ای-7 مشن کا مقصد چین کی قمری تحقیقاتی صلاحیتوں کو جانچنا ہے کہ آیا وہ چاند کے کسی بھی حصے میں پہنچ سکتی ہے۔ اگر چاند پر پانی کی برف کی شکل میں کامیابی سے نشاندہی ہو گئی تو اس سے زمین سے پانی لانے کے اخراجات اور وقت میں نمایاں کمی آئے گی۔







