ملتان کرکٹ ٹیسٹ پہلے ہی روز فیصلہ کن مرحلے میں داخل۔ دونوں اننگز مکمل۔پاکستان 9رنز کے خسارے میں ۔
شکیل الرحمان
ملتان کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے ہی روز ریکارڈ 20 وکٹیں گریں جو پاکستان میں کسی بھی ٹیسٹ سنٹرز میں سے ایک مقام پر ایک روز میں گرنے والی وکٹوں کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 163رنز پر آوٹ ہوگئی جواب میں پاکستان بھی لڑکھڑا گئی اور 154رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 9رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا، ویسٹ انڈیز آج 9 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز شروع کرے گا، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں انتہائی مایوس کن کھیل پیش کیا۔کپتان شان مسعود 15، کامران غلام 16، محمد ہریرہ 9 اور بابراعظم محض ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔پانچویں وکٹ پر سعود شکیل اور محمد رضوان نے 68 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔سعود 32 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، محمد رضوان بھی 49 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔نعمان علی صفر، سلمان آغا 9، ابرار احمد 2 اور کاشف علی بھی صفر پر آوٹ ہوئے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے 4، گڈاکیش موتی نے 3 اور کیمار روچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور ایک موقع پر 54رنز پر 8وکٹیں گنواچکے تھے لیکن نویں اور دوسویں وکٹ کی شراکت میں 109رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرلی۔پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین بلے باز پھر اسپنرز کے جال میں پھنس گئے، نعمان علی کی شاندار ہیٹرک کی بدولت مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی، نعمان علی ٹیسٹ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی اسپنر بن گئے۔ملتان میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی اسپنرز کا جادو پھر چل گیا، نعمان کی نپی تلی اسپن بالنگ کے سامنے ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوگئی۔
نعمان علی کی شاندار بالنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کے 4 کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، تاہم گداکیش موتی اور جومیل وری کین نے 10ویں وکٹ کی شراکت میں 68 رنز بناکر اپنی ٹیم کی لاج رکھ لی۔گداکیش موتی 55 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ جومیل وری کین نے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سے قبل کپتان کریگ بریتھ ویٹ 9، میکائل لوئس 4، عامر جنگو صفر، کیوم ہوج 21، الیک اتھانزے صفر اور گریوز ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔اسی طرح وکٹ کیپر ٹیون امالاچ اور کیون سنکلیئر بھی کھاتا کھولے بغیر آوٹ ہوگئے جبکہ کیماروش نے 25 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 41 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آٹ کیا، اپنے تیسرے اوور کی ابتدائی 3 گیندوں پر لگاتار وکٹیں لینے کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی اسپنر بھی بن گئے جبکہ ساجد خان نے 2 جبکہ ڈیبیو کرنے والے کاشف علی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ ایک تبدیلی کے ساتھ پاکستانی پلیئنگ الیون کا اعلان کیا تھا، خرم شہزاد کی جگہ فاسٹ بالر کاشف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تھی جب کہ انگلینڈ کے خلاف 2 فتوحات کے بعد قومی ٹیم کی ہوم گرانڈ پر یہ مسلسل تیسری فتح تھی۔تاہم، اس فتح کی خاص بات یہ تھی کہ پاکستان نے تیسرے ہی روز فتح سمیٹ لی، قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم ویسٹ انڈیز کو اسپن جال میں پھنسا کر 123 پر ہی قابو کرلیا۔ قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں منفرد ریکارڈ بناڈالا، یہ میچ پاکستان میں کھیلا جانے والا سب سے چھوٹا ٹیسٹ میچ بن گیا







