پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی ہٹ دھرمی کے سبب غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
بھارت پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنزٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر کروانے پر بضد ہے جس کے تحت چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا جب کہ پاکستان نے بھارت کے ہائبرڈ ماڈل کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلئے اس غیر یقینی صورتحال کے دوران براڈکاسٹر اسٹار انڈیا کا چند ماہ قبل آئی سی سی کو لکھا گیا ایک خط سامنے آیا ہے جس میں بھارتی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے سے ہونے والے مالی نقصان پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں واضح کیا گیا ہے کہ’ بھارتی ٹیم شائقین میں سب سے زیادہ مقبولیت رکھتی ہے اور آئی سی سی کے لیے سب سے زیادہ ریونیو پیدا کرتی ہے، بھارتی بورڈ( بی سی سی آئی) سکیورٹی خدشات کے سبب چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان جانے سے انکاری ہے‘۔
آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں بھارت کے ہائبرڈ ماڈل کی پیشکش پر پی سی بی کے انکار اور فارمولے کو رد کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔







