ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل شانگلہ نے گزشتہ ماہ مختلف نوعیت کے 55 مقدمات افہام و تفہیم، باہمی رضامندی اور مصالحتی طریقہ کار کے ذریعے حل کر دیے۔ڈی آر سی شانگلہ کے چیئرمین و ریٹائر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بحرالدین خان نے کہا ہے کہ کونسل کے قیام کا بنیادی مقصد فریقین کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کو بات چیت، افہام و تفہیم اور باہمی رضامندی کے ذریعے حل کرنا ہیں تاکہ لوگوں کو طویل قانونی کارروائی اور باہمی کشیدگی سے نجات دلائی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل شانگلہ کے ضلعی دفتر واقع پولیس ہیڈکوارٹر الپوری میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آر سی شانگلہ کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ چیئرمین ڈی ار سی شانگلہ بحرالدین خان نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ڈی آر سی نے 55 مقدمات فریقین کی باہمی رضامندی اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیے جس پر دونوں فریقین نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ کونسل کے ممبران مقدمات میں فریقین کا مؤقف سننے اور اصل تنازع کو سمجھنے کے بعد باہمی اتفاق رائے سے قابل قبول حل تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل نے ایسے متعدد پیچیدہ مقدمات حل کیے ہیں جن کے باعث خاندانوں اور قریبی رشتہ داروں کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہو گئے تھے بعض معاملات میں فریقین ایک ہی علاقے سے تعلق اور آپس میں رشتہ داری رکھنے کے باوجود ایک دوسرے کے خلاف ہو گئے تھے یہاں تک کہ ان کے درمیان میل جول اور ایک دوسرے کے ہاں آنا جانا بھی ختم ہو گیا تھا۔ ڈی آر سی کے ممبران نے ایسے معاملات میں فریقین کے درمیان بات چیت، افہام و تفہیم اور مصالحت کے ذریعے اختلافات ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیاجس کے نتیجے میں کئی خاندانوں کے درمیان تعلقات بھی بحال ہوئے۔بحرالدین خان نے کہا کہ ڈی آر سی کے ذریعے حل ہونے والے مقدمات میں صرف تنازع ختم کرنا ہی مقصد نہیں ہوتا بلکہ کوشش کی جاتی ہے کہ فریقین کے درمیان دیرپا صلح، باہمی اعتماد اور تعلقات کی بحالی بھی ممکن بنائی جائے۔ انھوں نے کہا کہ بعض مقدمات انتہائی پیچیدہ نوعیت کے تھے تاہم کونسل کے ممبران نے جانفشانی، خلوص اور ایمانداری کے ساتھ فریقین کو قریب لانے کی کوشش کی۔انھوں نے ڈی آر سی شانگلہ کے ممبران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے جو انتہائی محنت، لگن، محبت اور خلوص کے ساتھ عوامی تنازعات کے حل کے لیے خدمات انجام دے رہی ہیں۔بحرالدین خان نے امید ظاہر کی کہ ڈی آر سی شانگلہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ مختلف نوعیت کے تنازعات کو باہمی رضامندی اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی جسسے معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔







