کینبرا(طارق محمود مرزا)
کینبرا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان ہائی کمیشن کے تعاون سے پاکستان مینگو اینڈ ملٹی کلچرل فیسٹیول 2026 کا شاندار انعقاد کیا ، جس میں کینبرا اور گرد و نواح سے بیس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کرکے اسے آسٹریلیا میں پاکستانی ثقافت کے کامیاب ترین عوامی میلوں میں شامل کر دیا۔ تھروبریڈ پارک Thoroughbred Park میں منعقد ہونے والا یہ رنگا رنگ میلہ آسٹریلیا کے مختلف شہروں، جن میں میلبورن، سڈنی، برسبین اور پرتھ شامل ہیں، میں منعقد ہونے والے پاکستان مینگو فیسٹیولز کی سلسلہ وار تقریبات کا حصہ تھا۔تقریب کا باقاعدہ افتتاح آسٹریلین وفاقی وزیر برائے کمیونٹی سروسز و کثیرالثقافتی امور سوزین اور، اور آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر عرفان شوکت نے مشترکہ طور پر کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر سوزین اور ،نے منتظمین کو اتنے بڑے اور کامیاب ثقافتی میلے کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی آسٹریلیا کے کثیرالثقافتی معاشرے کا ایک فعال، مثبت اور قابلِ قدر حصہ ہے، جس نے سماجی ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

سفیرِ پاکستان عرفان شوکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مینگو اینڈ ملٹی کلچرل فیسٹیول محض آموں کی نمائش نہیں بلکہ پاکستان کی شاندار تہذیب، ثقافت، مہمان نوازی اور روایات کا خوبصورت اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی نژاد افراد دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، باہمی اعتماد اور دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔فیسٹیول میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آم خصوصی توجہ کا مرکز رہے، جبکہ روایتی پاکستانی کھانوں، ثقافتی نمائش، موسیقی، فنونِ لطیفہ، دستکاری اور رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں نے شرکا کو بے حد متاثر کیا۔ مختلف قومیتوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے پاکستانی ثقافت کو قریب سے جاننے اور اس کے رنگوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع حاصل کیا۔شرکا نے اس کامیاب تقریب کو بین الثقافتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور دوستی کے فروغ کی ایک بہترین مثال قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کا انعقاد جاری رہے گا، تاکہ مختلف ثقافتوں کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں اور پاکستان کا مثبت اور روشن تشخص عالمی سطح پر مزید اجاگر ہو۔







